اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی سیاسی اور سکیورٹی حلقوں سے وابستہ متعدد تجزیہ کاروں اور سابق فوجی عہدیداروں نے اعتراف کیا ہے کہ ایران کے خلاف حالیہ جنگ اپنے بنیادی مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس کے نتیجے میں اسرائیل کو درپیش سکیورٹی چیلنجز مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں۔
ایک معروف صہیونی تجزیہ کار نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل ایران کے جوہری پروگرام، میزائل صلاحیت اور سیاسی نظام کو کمزور کرنے کے اپنے اہم اہداف حاصل نہیں کر سکے۔ ان کے مطابق جنگ کے نتائج توقعات کے برعکس نکلے اور ایران اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔
ایک اور صہیونی سیاسی مبصر نے کہا کہ ایران نے خطے میں نئی تزویراتی حقیقتیں قائم کی ہیں، جنہوں نے اسرائیل کو نئے حالات قبول کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ ان کے مطابق حالیہ واقعات نے اسرائیلی عوام میں بے چینی اور مایوسی کو بڑھایا ہے۔
اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس کے سابق عہدیدار نے ایک مضمون میں لکھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ایران کے مقابلے میں اسرائیل کی تزویراتی صورتحال نمایاں طور پر کمزور ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے باوجود ایران کی عسکری اور سیاسی صلاحیتیں برقرار رہیں، جبکہ اس کے علاقائی اثر و رسوخ میں بھی کمی نہیں آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی قیادت نے یہ تصور کیا تھا کہ فوجی کارروائیوں کے ذریعے ایران کے رویے اور علاقائی پالیسیوں کو تبدیل کیا جا سکتا ہے، لیکن عملی طور پر ایسا نہ ہو سکا۔ ان کے مطابق ایران نے نہ صرف اپنی میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کو محفوظ رکھا بلکہ اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکہ کی پالیسیوں نے اسرائیل کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے، کیونکہ واشنگٹن ایران کے ساتھ سفارتی راستے کو کھلا رکھنا چاہتا ہے اور بعض معاملات میں اسرائیل کی کارروائیوں پر بھی حدود عائد کر رہا ہے۔
دریں اثنا ایک اسرائیلی اخبار نے اپنے تجزیے میں لکھا کہ خطے میں طاقت کے ذریعے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی حکمت عملی کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ اخبار کے مطابق حالیہ جنگ اور اس کے بعد ہونے والی سفارتی پیش رفت نے واضح کر دیا ہے کہ صرف فوجی دباؤ کے ذریعے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا ممکن نہیں رہا۔
صہیونی ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں اسرائیلی قیادت کو مشکل فیصلوں کا سامنا ہے، جبکہ ایران خطے میں ایک اہم اور مؤثر فریق کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب دکھائی دیتا ہے۔
آپ کا تبصرہ